وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے تجارتی پالیسی کرس برائنٹ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ پر زور دیا گیا۔
احسن اقبال نے ملاقات کے دوران بتایا کہ حکومت کی گذشتہ تین سالہ کاوشوں سے معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات اور مضبوط عوامی روابط موجود ہیں جبکہ باہمی تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔
احسن اقبال کے مطابق، پاکستان اور برطانیہ کی باہمی تجارت کا حجم ساڑھے پانچ ارب پاؤنڈ ہے۔ انہوں نے ٹریڈ ڈائیلاگ میکانزم کے تحت تین ورکنگ گروپس کو فوری فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان اور ہنر مند ٹیکنالوجی ماہرین ہیں، جبکہ "ڈیپ ٹیک” کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کی معیشتوں کو جدید بنیادوں پر جوڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیشن، فنون، ڈیزائن اور سیاحت عوامی روابط کو مضبوط بنانے کے مؤثر ذرائع ہیں۔ دونوں ممالک نے ثقافتی تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
