بنوں: ایف سی لائن بنوں پر دہشت گردوں کے ایک بڑے حملے کو ناکام بنا دیا گیا، جس میں خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کئی گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق پانچ دہشت گرد ایف سی لائن میں داخل ہوئے تھے، جن کے ساتھ سکیورٹی فورسز کا مقابلہ جاری رہا۔
حملے کے دوران فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے قریبی آبادی شدید متاثر ہوئی، کئی گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور مکین خوفزدہ ہو گئے۔
آپریشن کے دوران ایف سی لائن کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے تاکہ کارروائی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی خود موقع پر موجود رہے اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کی قیادت کرتے رہے جبکہ کوئیک ریسپانس یونٹ سمیت مزید نفری بھی موقع پر طلب کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ بنوں میں ایف سی پر ہونے والے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ تھا، جسے بروقت اور مؤثر کارروائی سے ناکام بنایا گیا، اس وقت علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
