بلوچستان کے ضلع خضدار میں فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشن میں 7 دہشت گرد مارے جا چکے جبکہ 10 زخمی ہیں۔
افواج پاکستان کی انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان پر کاری ضربیں جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے خضدار کے علاقے زہری سے ملحقہ پہاڑوں میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں بھارتی اسپانسرڈ 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ 10 کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کی جانب سے بدوکشت کے مرکزی پل پر نصب کی گئی بڑی بارودی سرنگ کو کامیابی سے ناکارہ بنا دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے تیار شدہ آئی ای ڈیز، ٹرانسمیٹرز، امریکی ساختہ خودکار ہتھیار برآمد۔ امن دشمنوں کے ٹھکانوں سے گرینیڈ، گولیاں اور موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد مقامی لوگوں کو ہراساں کرنے میں بھی ملوث تھے۔ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں بھارتی آشیرباد پر تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔
