خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کے بعد وزیرداخلہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست پر بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان بھجوانے کا اعلان کردیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی کے ٹویٹ کا جواب دیدیا، کہا بلٹ پروف گاڑیاں فوراً بلوچستان بھیج دی جائیں گی۔ بلوچستان کوبلٹ پروف گاڑیاں ملنے پر انسداد دہشتگردی کی کوششوں کوتقویت ملے گا۔
قبل ازیں وزیراعلی سرفرازبگٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشتگردی سے متاثر ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سے درخواست کی کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت بلٹ پروف گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو انہیں حکومت بلوچستان کو منتقل کر دیا جائے تاکہ دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیوں کو ’ناقص‘ قرار دیتے ہوئے انہیں واپس کرنے کی ہدایت دی تھی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خیبر پختونخوا حکومت کے فیصلے کو ’غیرسنجیدہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں وزیراعظم کی ہدایت پر دی گئیں مگر صوبائی حکومت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہی ہے۔
