ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی ملک روس کے ساتھ فوجی میدان میں مقابلہ کرنا چاہتا ہے تو آگے بڑھ کر دیکھ لے۔
ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک صرف یوکرین کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ دنیا میں کوئی ایسی طاقت نہیں جو سب کو حکم دے سکے کہ کیا کرنا ہے، عالمی برادری ایک اہم موڑ پر کھڑی ہے اور نیا کثیر قطبی نظام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
پیوٹن نے واضح کیا کہ روس نیٹو پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، اس لیے یورپی رہنما پرسکون رہیں اور اپنے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین روس کو عالمی نظام سے الگ کرنے میں ناکام رہے اور مغرب کی پابندیوں کے باوجود روس نے ثابت قدمی دکھائی ہے۔
روسی صدر نے فلسطین کے تنازع پر کہا کہ یہ مسئلہ وہاں کے مقامی عوام کو نظرانداز کرکے حل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر ہوتے تو یوکرین کی جنگ روکی جا سکتی تھی۔
