چنگڈو۔13ستمبر :صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو اور سیکرٹریٹ کے رکن اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لی شولئی سے چنگڈو میں ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کو سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ہفتے کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے صوبہ سچوان میں مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اوردوسرے گولڈن پانڈا ایوارڈز انٹرنیشنل کلچر فورم کے کامیاب انعقاد پر انہیں اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عوامی رابطوں اور عوامی سفارت کاری کو گہرا کرنے کے عزم کو اجاگر کیا۔
لی شولئی نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو اپنی نیک تمنائیں اور مبارکبادیں بھیجی ہیں اور اس سال فروری میں صدر کے دورے کے دوران ہونے والی ملاقات کو یاد کیا ہے۔ انہوں نے چائنہ ڈیلی میں صدر زرداری کے حالیہ مضمون کو بھی سراہا۔
لی شو لئی نے کہا کہ وہ اور صدر شی جن پنگ صدر آصف علی زرداری کی جانب سے پاک چین شراکت داری کو مضبوط بنانے میں دکھائی جانے والی قیادت کی بہت قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے لیکن چین اور پاکستان ہمیشہ مضبوط بھائی رہیں گے، آج دنیا کو بارود کی بو کی بجائے کتابوں کی خوشبو کی ضرورت ہے اور وہ اس کی مستحق ہے۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان۔چین دوستی آئندہ برسوں میں مزید فروغ پائے گی۔
