عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس مئی کے پہلے ہفتے میں ہوگا۔ پاکستان کیلئے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی منظوری دی جائے گی۔ آئی ایم ایف کو دوست ممالک کے قرض کے رول اوور کی یقین دہانی کرا دی گئی۔
وزارت خزانہ کے حکام نے کہا کہ 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی اگلی قسط ملنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ کلائمیٹ فنانسنگ کے آر ایس ایف پروگرام کی 21 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط بھی ملے گی۔
حکام وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دیں، آئی ایم ایف کو پیٹرولیم پر ٹارگٹڈ سبسڈی سے متعلق اعتماد میں لیا گیا، تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ صارفین کو منتقل کرنے سے پہلے فنڈ سے مشاورت کی، ٹارگٹڈ سبسڈی کی رقم موجودہ مالی سال کے بجٹ سے خرچ ہوگی۔ مشکل حالات کیلئے 300 ارب کے ہنگامی فنڈز بھی دستیاب ہیں۔
حکام کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای کے ڈیپازٹس طویل مدت کیلئے روول اوور کرنے پر بات چیت جاری ہے، آئی ایم ایف کو دوست ممالک کے قرض کے رول اوور کی یقین دہانی کرا دی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس ہیں، چین کے 4 ارب ڈالر اور یو اے ای کے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس ہیں، یو اے ای کے 2 ارب ڈالر رواں ماہ اور 1 ارب ڈالر کی واپسی جولائی میں میچور ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو توازن ادائیگی کا فوری مسئلہ درپیش نہیں، ان ڈیپازٹس کے مزید رول اوور کیلئے عرب امارات کی حکومت سے رابطے میں ہیں، یو اے ای پاکستان کے ذمہ قرضہ جلد رول اوور کر دے گا۔
