اسلام آباد: پاک۔چائنا فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جمہوریہ چین کے قیام کی 76 ویں سالگرہ کی مناسبت سے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی جناب بابر سلیم سواتی، صوبائی وزیر ریونیو جناب نذیر عباسی، پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جناب جیانگ زیڈونگ اور پاک۔چائنا فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر جناب یوسف ایوب خان نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
صدر پاک۔چائنا فرینڈشپ ایسوسی ایشن یوسف ایوب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک لازوال رشتہ ہے جو عوامی سطح پر مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے پشاور اور اُرُمچی کے درمیان "سسٹر سٹی پروگرام” کو عوامی تعلقات کے فروغ کی ایک روشن مثال قرار دیا۔

چینی سفیر جناب جیانگ زیڈونگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے اور مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ یہ دوستی نئی نسلوں تک منتقل ہو۔ سفیر نے مزید کہا کہ چین پاکستانی طلبہ کو بڑی تعداد میں اسکالرشپس فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ جدید تعلیم اور تحقیق کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خیبر پختونخوا میں جاری سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبے بروقت اور کامیابی سے مکمل ہو سکیں۔ چینی سفیر نے بتایا کہ چین کی معیشت اس سال 140 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے جو چینی عوام کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک۔چین تعلقات خطے میں امن اور ترقی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کا ترقیاتی ماڈل پاکستان کے لیے ایک بہترین مثال ہے جس سے سیکھ کر ہم اپنی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر اقدامات کر سکتے ہیں
