وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی نائب معاون وزیرخارجہ جان مارک کی ملاقات میں پاک امریکا معاشی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی نائب معاون وزیر خارجہ نے دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِخزانہ نے جان مارک کو معاشی استحکام اور جاری اصلاحات بارے آگاہ کیا۔ کہا حکومتی کوششوں سے مالی خسارہ کم، کرنٹ اکاؤنٹ بہتراورآئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا۔
وزیرخزانہ نے مالی نظم وضبط اوراصلاحات جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔ کہا غیرملکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ پاکستان کا عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کا پلان ہے۔ حکومت پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے بینکنگ اورپاورسیکٹر میں نجکاری کے اقدامات تیز کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔ کہا اسلام آباد ایئرپورٹ سےآؤٹ سورسنگ کا آغاز ہوگا۔ وزارت خزانہ کے مطابق امریکی عہدیدار نے پاکستان کی معاشی بہتری کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
