پشاور :خیبر پختون خوا پولیس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغان کلب چترال کو ایک کے مقابلے میں پانچ گولوں سے شکست دے کر پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ نمائشی فٹبال میچ جیت لیا۔طہماس خان فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے موقع پر سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان خیبر پختون خوا محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔شائقین فٹ بال کی بڑی تعداد نے میچ دیکھا اور ہاتھوں میں پاکستان اور چین کے قومی پرچم تھامے پاک چین دوستی کو خراج تحسین پیش کیا۔ خیبر پختون خوا پولیس اور چترال کی ٹیموں میں انٹنیشنل پلئیرز بھی شامل تھے جنہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کے پی پولیس نے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں چترال کلب کے خلاف کامیابی حاصل کر لی میڈیا سے گفت گو میں سیکرٹری کھیل یوتھ افئیرز محمد آصف نے کہا کہ پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات ملک بھر میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم پشاور اور خیبر پختون خوا نے سبقت حاصل کر لی ہے جس کا کریدٹ پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کو جاتا ہے ۔محمد آصف نے کہا کہ پاک چین دوستی کو کھیلوں کی دنیا میں بھی مثالی بنایا جائے گا اس سلسلہ میں خیبر پختون خوا کی حکومت انتہائی پرعزم ہے اور یقین رکھتی ہے کہ چین کی مختلف مقامی ٹیمیں پشاور سمیت خیبر پختون کوا کا دورہ کریں گی اور یہاں نمائشی میچز کھیلیں گی۔ انہوں نے اہل چین کو سالگرہ کی مبارکباد بھی پیش کی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چینی کوچز کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے اس سلسلہ میں مستقبل میں چینی کوچز کو پشاور دعوت دی جائے ۔ تاشفین حیدر نے کہا پاک چین دوستی لازوال ہے اور اہل پشاور کو اس دوستی پر فخر ہے ہمیں سالگرہ کے موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کرنا ہو گا کہ پاک چین دوستی مزید مستحکم ہو اور دونوں ممالک زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کی منزل طے کرتے رہیں۔ قبل ازیں نمائشی فٹ بال میچ میں ہاف ٹائم تک پولیس کو چترال پر ایک کے مقابلے میں دو گول کی سبقت حاصل تھی۔ پولیس کی جانب سے دوسرے ہاف میں مزید تین گول سکور ہوئے اور افغان کلب چترال کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی اس طرح خیبر پختون خوا پولیس نے بآسانی میچ ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔انٹرنیشنل کھلاڑی راحیل نے تین گول سکور کئے امیر حمزہ نے دو گول بنائے ۔چترال کی جانب سے واحد گول انٹرنیشنل کھلاڑی اظہار نے کیا۔ آخر میں سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان خیبر پختون خوا محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختون خوا نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ مقابلے میں شریک انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات بھی دئیے گئے۔
