پشاور:پشاور میں ہاکی کے مقامی کھلاڑیوں نے بھی پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ جوش و خروش کے ساتھ منائی۔ چائنہ ونڈو کے زیراہتمام منعقدہ نمائشی ہاکی میچ میں بغدادہ ہاکی لب مردان نے اسلامیہ کالج یونی ورسٹی پشاور کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا ۔ اسلامیہ کالج یونی ورسٹی کے وائش چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر وہ اہل چین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے جس پر اہل پاکستان کو فخر ہے۔ انہوں نے چین کی یونی ورسٹیوں کی کھیلوں کی ٹیموں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ وہ میزبانی کا حق ادا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں اور شائقین ہاکی نے بھی پاک چین دوستی کو لازوال قرار دیا۔ اسلامیہ کالج یونی ورسٹی ٹیم کے کپتان افسر خان کا کہنا تھا کہ انہیں پاک چین دوستی کی سالگرہ کے موقع پر نمائشی ہاکی میچ میں اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہیں پاک چین دوستی پر فخر ہے اور یقین ہے کہ یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ بغدادہ ہاکی کلب مردان کے کپتان مراد خان کا کہنا تھا کہ چائنہ ونڈو کی جانب سے پاک چین دوستی کی سالگرہ کے موقع پر نمائشی ہاکی میچ کا انعقاد لائق ستائش ہے اس میچ سے وہ چین کے تمام ہاکی کھلاڑیوں اور عوام کو دوستی کی75 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ شائقین ہاکی کا میچ میں جوش و خروش عروج پر رہا اور انہوں نے پاک چین دوستی کے نعرے بھی لگائے۔ قبل ازیں میچ خاصا دلچسپ رہا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم بغدادہ ہاکی کلب مردان کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان اسلامیہ کالج یونی ورسٹی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا ۔میچ کے اختتام پر اسلامیہ کالج یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔پاک چین دوستی کی سالگرہ کے حوالے سے چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام فٹبال میچ آئندہ ہفتے کھیلا جائے گا
