کراچی : پاکستان اور چین نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کا جمعے کی دوپہر کراچی میں ایک شاندار ایوارڈ تقریب کے ذریعے باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کو اجاگر کیا گیا، جسے عام طور پر ’’ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی تعلقات‘‘ قرار دیا جاتا ہے۔
تقریب کا انعقاد وزارتِ خارجہ پاکستان کے کراچی میں قائم لائژن آفس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جبکہ تقریب کا مرکزی حصہ 75ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ لوگو ڈیزائن مقابلے کی ایوارڈ تقریب تھی۔
تقریب میں پیش کیے گئے تخلیقی ڈیزائنز کے ذریعے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان تاریخی اور ہمہ جہت تعلقات کی علامتی عکاسی کی گئی۔
عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل برائے کراچی یانگ یون ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور مقابلے میں کامیاب ہونے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔ تیسرے انعام کی حقدار نایاب زہرہ بھی شامل تھیں، جن کے ڈیزائن میں چین۔پاکستان دوستی کی گہرائی اور ثقافتی رنگا رنگی کو نمایاں کیا گیا۔
تقریب میں ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفارت کاروں کے علاوہ پاکستان کے اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی
