پشاور: عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان گہرے، پائیدار اور آہنی تعلقات قائم ہیں۔ وہ پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام منعقدہ مڈ آٹم فیسٹیول کی رنگا رنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں صوبائی سیکرٹری ثقافت و سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد خان، طلباء و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چینی سفیر نے کہا کہ مڈ آٹم فیسٹیول چین کے سب سے شاعرانہ اور رومانوی روایتی تہواروں میں سے ایک ہے جو خاندانی ملاپ، امن اور ہم آہنگی کی علامت ہے۔ اس سال یہ تہوار چین کے قومی دن کے موقع پر منایا جا رہا ہے، جس سے یہ دوہری خوشی کا موقع بن گیا ہے۔

انہوں نے صدر شی جن پنگ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کا تعلق بھائی چارے، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور مشترکہ ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہے ہیں۔
جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کا مضبوط محرک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ سکی کناری ہائیڈرو پاور پلانٹ نے کام شروع کر دیا ہے اور پہلے سال 2.8 ارب کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا کی گئی ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ فائبر آپٹک اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر منصوبوں سے خطے میں رابطہ کاری میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے چائنہ ونڈو اور محکمہ آثارِ قدیمہ خیبر پختونخوا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے چین کا درست، جامع اور مثبت چہرہ پاکستانی عوام کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
صوبائی سیکرٹری ثقافت و سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی عوام چینی تہواروں کو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں، جو دونوں ممالک کی دوستی کو مزید پائیدار بنانے کا مظہر ہے۔

انہوں نے اہل چین اور پاکستان میں چینی سفارت کاروں کو مڈ آٹم فیسٹیول کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب میں مقامی اسکول کے بچوں نے ثقافتی شو پیش کیا، جبکہ چائنہ ونڈو کی جانب سے روایتی مون کیک تقسیم کیے گئے۔
