پشاور : چائنہ ونڈو پشاور میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی تقریب ملی جوش و جذبے اور رنگا رنگ انداز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم، اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خوا،رکن صوبائی اسمبلی بابا جی گرپال سنگھ،سابق عالمی اسکواش چیمپئن قمر زمان، ثقافتی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں قومی ترانے، ملی نغمے پیش کئے گئے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قومی شعور، اتحاد اور قربانی کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی آزادی لاکھوں جانوں کی قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہر دور میں ملک کی بقا اور ترقی کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ آزادی کی تحریک سے لے کر دہشت گردی کے خلاف جدوجہد تک، اس صوبے کے شہداء نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔معرکہ حق کا زکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ جنگ میں ہندوستان کو تاریخی شکست سے دوچار کیا جس کے لئے اہل وطن کو اپنی افواج پاکستان پر فخر ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ خیبر پختونخوا مالی نظم و نسق کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ بن چکا ہے۔ ہماری حکومت شفافیت، اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور کام کر رہی ہے تاکہ ہر ضلع میں خوشحالی پہنچائی جا سکے۔’انہوں نے کہا کہ صوبے کی معیشت بہتر بنانے، روزگار پیدا کرنے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کی جا رہی ہے۔مزمل اسلم نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ ہم وطن عزیز کو کامیابیوں سے ہمکنار کریں گے، ہم اپنی آزادی کی ہر ممکن حفاظت کریں گے، اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو یاد رکھیں گے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کو ایک مضبوط، خود کفیل اور خوش حال ملک بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ مشیر خزانہ نے چائنہ ونڈو کی بھی تعریف کی اور اسے پاک – چین دوستی کا ایک نمایاں اور مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔
پشاور میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خوا نے اپنی تقریر میں اہل پاکستان کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہپاک ایران تعلقات تاریخ کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں اور دونوں ملک ایک دوسرے کے معاشی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔جمیعت علمائے اسلام کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی بابا جی گرپال سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے لئے اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا وہ سمجھتے ہیں کہ آزادی کے بعد پاکستان سکھوں کے لئے جنت سے کم نہیں ہمارے گرونانک کی پیدائش بھی پاکستان میں ہوئی۔بابا جی گرپال سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے انہیں صرف آزادی ہی نہیں بلکہ شناخت بھی دی ہے۔ اس موقع پر انہون نے افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہندوستان کا ایسی شکست دی ہے جسے ہندوستانی ساری عمر یاد رکھیں گے۔سابق عالمی اسکواش چیمپئن قمر زمان نے کہا کہ پاکستان نے کھیلوں میں بھی عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے اپنے پوتے نور زمان کی انڈر 23 ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں فتح اور حمزہ خان کی کامیابی کو پاکستان کے لیے فخر کا باعث قرار دیا۔ قمر زمان نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ تعلیم اور کھیل دونوں میں محنت کریں اور کبھی ہمت نہ ہاریں۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کا دن ہم سے اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ سب مل کر پاکستان کو دنیا کا ایک عظیم ملک بنائیں۔تقریب سے خطاب میں بشپ ارنسٹ جیکب اور دیگر مقررین کا کہنا تھاکہ پاکستان عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اور نئی نسل کو ان قربانیوں کا ادراک کرتے ہوئے اب پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔تقریب کے آخر میں شرکاء نے پاکستان کی ترقی، استحکام اور پاک-چین دوستی کے فروغ کے لئے بھرپور عزم کا اعادہ کیا اور ”پاکستان زندہ باد” اور ”پاک-چین دوستی پائندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے ماحول کو گرما دیا۔اس موقع پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً.
Next Article چین کی جامع دیہی احیاء
Related Posts
اہم روابط
