جنیوا وقت کے مطابق 12 فروری کو یورپی یونین نے اعلان کیا کہ وہ معیار کے ضروری پیٹنٹس سے متعلق چین کے عدالتی فیصلے کے حوالے سے عالمی تجارتی تنظیم کے تنازعات کے حل کے ادارے سے ماہرین کی ٹیم کے قیام کی باضابطہ درخواست کرے گی۔
اس حوالے سے چینی وزارتِ تجارت کے محکمۂ معاہدات و قانون کے سربراہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ دانشورانہ املاک کے تحفظ کو بڑی اہمیت دیتا ہے، عالمی تجارتی تنظیم کے قواعد اور شمولیت کے وعدوں کے مطابق سخت عمل کرتا ہے، دانشورانہ املاک کے تحفظ کی قانون سازی اور قانون کے نفاذ کو مسلسل بہتر بناتا ہے اور اس سلسلے میں حاصل شدہ کامیابیاں سب پر عیاں ہیں۔ چین یورپی یونین کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور عالمی تجارتی تنظیم کے تنازعات کے حل کے میکانزم کے مطابق اس معاملے پر مناسب طریقے سے کارروائی کرے گا اور اپنے قانونی حقوق و مفادات کی بھرپور حفاظت کرے گا۔
