وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کفایت شعاری مہم جاری ہے، کفایت شعاری مہم کیلئے فنڈز مل کر اکٹھے کرنے ہیں۔ غریب کو تحفظ اور امیروں کوقربانی دینا ہوگی۔
عالمی توانائی بحران کے پیش نظر کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں اعلیٰ سطح اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری مہم کیلئے139ارب روپے دیئے، سرکاری گاڑیوں کوگراؤنڈ کردیا گیا، ارکان اسمبلی اپنی 2 ماہ کی تنخواہیں نہیں لیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ جنگ کے باعث ہمیں معاشی مشکلات کاسامنا ہے، معاشی استحکام کیلئےآپ سب نے بہت کاوشیں کیں، پاکستان بھی دیگرممالک کی طرح جنگ سے متاثر ہورہا ہے، آبنائے ہرمز میں کھڑے 2 جہاز فیلڈمارشل اور اسحاق ڈار کی کوششوں سے پاکستان پہنچے۔ بھرپور ساتھ دینے پر بلاول بھٹو کا بھی مشکور ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطےمیں جنگ دوسرے مہینے میں آچکی ہے، جنگ کےدوران ہونےوالی شہادتوں پربےحد افسوس ہے۔ پاکستان نے ایران امریکا جنگ ختم کرانے کی ہر ممکن کوشش کی، نائب وزیراعظم اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، جنگ کے خاتمے کیلئے ایرانی حکام سے بات چیت کی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں فیلڈ مارشل اور وزرائے اعلیٰ شریک تھے۔ نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان،وزیراعظم آزاد کشمیر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظرمیں توانائی کے ممکنہ بحران پر غور کیا گیا، شرکاء کو حکومت کے کفایت شعاری اقدامات اور توانائی بچت سے متعلق مجوزہ اقدامات پربریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم معاملات زیر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبوں سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی میں حصہ ڈالنے پر زور دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکا مکمل بوجھ مخصوص صارفین پرمنتقل کرنے پربھی غور کیا گیا۔ بیرونی سفارت کاری اور پاکستان کی ثالثی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
