ہری پور (گوادر پرو) یونیورسٹی آف ہری پور اور چین کی شی زی یونیورسٹی کے اسکول آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہو گئے، جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں جامعات نے اہم تعلیمی شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے، جن میں مشترکہ تحقیقی منصوبے، تحقیقی تبادلے، طلبہ کے تبادلہ پروگرامز (جیسے ونٹر اسکولز)، فیکلٹی ایکسچینج اقدامات، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرامز اور طلبہ کے لیے اسکالرشپس شامل ہیں۔ اس شراکت داری کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا، تحقیقی صلاحیت میں اضافہ کرنا اور طلبہ و اساتذہ کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے اس تعاون کا خیرمقدم کیا اور شی زی یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری علم کے تبادلے، جدت اور طویل المدتی تعلیمی روابط کے فروغ کے ذریعے دونوں اداروں کے لیے فائدہ مند مواقع پیدا کرے گی۔
گوادر پرو سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید نے کہا کہ یہ معاہدہ یونیورسٹی آف ہری پور کی بین الاقوامی روابط کو وسعت دینے اور اپنی تعلیمی برادری کو عالمی سطح پر سیکھنے اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کی وسیع تر حکمتِ عملی کی عکاسی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مفاہمتی یادداشت دونوں جامعات کے درمیان حالیہ تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل ہے۔ دسمبر 2025 میں شی زی یونیورسٹی کی میزبانی میں منعقد ہونے والا انوویشن لرننگ کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں یونیورسٹی آف ہری پور کے آٹھ طلبہ نے شرکت کی۔ کیمپ کے دوران طلبہ نے بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ثقافتی تبادلے کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔
اس سے قبل ستمبر 2025 میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن کی قیادت میں یونیورسٹی آف ہری پور کے وفد نے شیہ زی یونیورسٹی کے کالج آف سائنس کا دورہ کیا تھا، جس کا مقصد مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور تعلیمی مواقع پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں اب دونوں جامعات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط عمل میں آئے ہیں
