پشاور: چائنہ ونڈو اور دوستی ویلفیئر آرگنائزیشن نے باضابطہ طور پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، جس کے تحت دونوں ادارے پشاور اور خیبر پختون خوا بھر میں علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کریں گے۔ اس شراکت داری کا مقصد چینی ادب اور ثقافت کو اجاگر کرنا اور اسے سراہنا بھی ہے۔
معاہدے پر دست خط کرنے کی تقریب چائنہ ونڈو میں منعقد ہوئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر دوستی ویلفیئر آرگنائزیشن ارسلان نصیر، اور ایڈمنسٹریٹر چائنہ ونڈو امجد عزیز ملک نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس شراکت داری کے تحت دونوں ادارے پانچویں دوستی پشاور لٹریچر فیسٹیول کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ یہ فیسٹیول 9 سے 15 فروری 2026 تک جامعہ پشاور میں منعقد ہوگا۔ این سی ایچ ڈی، سی ایس پی اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ ایک ہفتے پر مشتمل ادبی و ثقافتی میلہ خیبر پختون خوا کی ادبی و تہذیبی وراثت کا اہم جشن ہوگا، جس کا مقصد مطالعہ کے فروغ، تخلیقی اظہار، نوجوانوں کی شمولیت اور جامع ثقافتی مکالمے کو آگے بڑھانا ہے۔
یہ معاہدہ فیسٹویل کی مؤثر منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لئے ایک مشترکہ فریم ورک بھی ہو گا جبکہ صوبے بھر میں چینی ادب اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی۔
دوستی ویلفیئر آرگنائزیشن ایک رجسٹرڈ غیر منافع بخش تنظیم ہے جسے محکمہ سماجی بہبود، اکنامک افیئرز ڈویژن اور کے پی چیریٹیبل کمیشن سے باقاعدہ منظوری حاصل ہے۔ دوسری جانب چائنہ ونڈو پشاور میں قائم ثقافتی، تعلیمی اور معلوماتی مرکز مسٹر امجد عزیز ملک کی سربراہی میں چین کی تاریخ، ثقافت اور ترقی کو اجاگر کرنے والا نمایاں پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
دونوں اداروں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری پاک۔چین تعلقات، ثقافتی تفاہم، تعلیمی سرگرمیوں اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی
