پشاور: سرحد ایوان صنعت و تجارت پشاور کے صدر جنید الطاف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات بھی پاک چین دوستی کی طرح انتہائی مستحکم ہیں اور انہیں یقین ہے کہ برادر ہمسایہ ملک چین کی جانب سے پاکستان کی معیشت بہتر بنانے کیلئے ہمیں بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورہ کے موقع پر کیا۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد ندیم اور نائب صدر صابر بنگش بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ جنید الطاف کا کہنا تھا کہ اگرچہ پشاور سمیت صوبے میں امن و امان کی صورت حال درپیش ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ حالات اتنے بھی خراب نہیں کہ یہاں سرمایہ کاری نہ کی جا سکے ۔دنیا کے کئی ممالک میں ایسے ہی حالات ہیں لیکن معیشت ترقی کر رہی ہے اسی طرح وہ سمجھتے ہیں مستقبل میں پشاور سمیت صوبے بھر میں بھرپورمعاشی سرگرمیاں ہوں گی اور سپیشل اکنامک زونز کے قیام کے بعد نہ صرف ملکی بلکہ بیرون ممالک سے سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری کریں گے۔ جنید الطاف کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی اور عوامی خوش حالی کے لئے ہمیں چین سے سیکھنے اور ٹرانسفارمیشن آف ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رشکئی اکنامک زون کے قیام سے لاکھوں افراد کو روزگار حاصل ہو گا اور تجارت کے مواقع میسر آئیں گے۔ سرحد ایوان صنعت و تجارت پشاور کے صدرنے پشاور اور خیبر پختون خوا کے تاجروں کی جانب سے چین کے ساتھ تجارت کو خوش آئند قرار دیا اور اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط بھی پاک چین دوستی کے طرح مزیدمستحکم ہوں گے۔ جنید الطاف نے کہا کہ رواں سال پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو گی کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور مستقبل میں یہ مزید مضبوط ہو گی۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی کا قابل زکر مرکزقرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی کہ چائنہ ونڈو نے نہ صرف پاکستان بھر میں شہرت حاصل کی ہے بلکہ اب اسے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔ انہوں نے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا جو عوام کو چین کے بارے میں آگہی فراہم کر رہے ہیں اور پاک چین دوستی میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں
