کاشغر: سنکیانگ کے شہر کاشغر کے فرسٹ پیپلز ہسپتال میں بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل جنرل پریکٹیشنرز ٹریننگ کورس کا تیسراسیشن حال ہی میں کامیابی کے ساتھ اختتام ہو گیا۔ اس تربیتی پروگرام میں پاکستان اور تاجکستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کے علاوہ کاشغر کے میڈیکل کنسورشیم سے وابستہ 90 بنیادی سطح کے جنرل پریکٹیشنرز نے شرکت کی۔
خصوصی لیکچرز، کیس اسٹڈی اور عملی تربیت کے ذریعے منعقد ہونے والے اس سیشن میں جنرل پریکٹس اور کلینیکل سوچ کی بنیادی مہارتیں، دائمی بیماریوں کے انتظام کے لیے مربوط علاج اور احتیاطی طبی ماڈل، جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی متعدی بیماریوں کی روک تھام اور کنٹرول، بنیادی اور خصوصی ہسپتالوں کے درمیان تعاون کا طریقہ کار، جنرل پریکٹیشنرز کے لیے ابتدائی طبی امداد کی مہارتیں، عوامی صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقے اور صحت سے متعلق آگاہی کی حکمتِ عملیاں شامل تھیں۔ تربیت کے دوران اس اصول پر بھی زور دیا گیا کہ چینی طبی مہارت اور تجربے کو “سیکھنے کے قابل، قابلِ عمل اور قابلِ تقلید” بنایا جائے۔
تربیتی پروگرام کے دوران پاکستانی ڈاکٹرز نے محدود وسائل کے باوجود بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اپنے عملی تجربات بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کیے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 2024 سے اب تک اس نوعیت کے دو کامیاب سیشن منعقد کیے جا چکے ہیں۔ پہلا سیشن اگست 2024 میں منعقد ہوا تھا جس میں کرغزستان کے طبی ماہرین اور کاشغر کے مقامی جنرل پریکٹیشنرز نے مخصوص جنرل پریکٹس تربیت میں حصہ لیا تھا۔ دوسرا سیشن مئی 2025 میں سن یات سین یونیورسٹی کے ففتھ افیلی ایٹڈ ہسپتال کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں گلگت بلتستان سے آنے والے ڈاکٹرز اور کاشغر کے مقامی معالجین نے شرکت کی۔
اس موقع پر گوانگ ڈونگ اور سنکیانگ کے ماہرین نے چین کے بنیادی صحت کے نظام پر مبنی “روک تھام، علاج اور انتظام” کے ماڈل سے متعلق تجربات بھی پیش کیے، جس سے چین اور پاکستان کے درمیان طبی تعاون کے لیے ایک مضبوط بنیاد قائم ہوئی
