تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن پر وزیراعظم پاکستان نے ہر قسم کی انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ شہباز شریف نے عالمی منظر نامہ پر مسئلہ کشمیر و فلسطین سمیت دیرینہ حل طلب تنازعات میں ریاستی ظلم و جبر اور بنیادی حقوق کی پامالی کو بھی انتہا پسندی قرار دیا۔
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں،سیکیورٹی اہلکاروں، شہریوں کی قربانیاں ہمارے قومی عزم کی روشن مثال اور باعث فخر ہیں، اسلام امن پسند دین ہے جو اعتدال، روا داری، مکالمے، انسانی جان کے احترام کا درس دیتا ہے،نوجوان نسل کو تعلیم، مواقع، مثبت سوچ فراہم کر کے انہیں انتہاپسندانہ نظریات سے محفوظ بنانا ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سماجی انصاف، معاشی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار امن کی بنیاد ہیں، جبکہ انتہاپسندی اور تشدد کے نظریات معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں، یہ انسانیت، برداشت، رواداری ، باہمی احترام جیسی بنیادی انسانی اقدار کو بھی کمزور کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر و فلسطین سمیت دیرینہ تنازعات کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔
