پشاور: خیبر پختون خوا کے صوبائی وزیر برائے حج، مذہبی و اقلیتی امور اور اوقاف محمد عدنان قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی بلاشبہ لازوال، مضبوط اور وقت کی ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات صرف حکومتی یا سفارتی سطح تک محدود نہیں بلکہ عوامی، ثقافتی، تعلیمی اور معاشی رشتوں میں بھی مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہون نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہون نے مختلف گیلریان دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر نے فرینڈشپ وال پر دست خط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئےَ اس موقع پر میڈیا سے گفت گو میں محمد عدنان قادری نے تجویز پیش کی کہ خیبر پختون خوا کے ممتاز مذہبی اسکالرز، علمائے کرام اور دینی مدارس سے وابستہ نمائندوں پر مشتمل ایک وفد چین کے صوبے سنکیانگ بھیجا جائے تاکہ وہ وہاں کے مسلمانوں کی زندگی، عبادات، مساجد، دینی آزادی، تعلیمی و سماجی ترقی اور حکومتی سہولیات کا خود مشاہدہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سنکیانگ کے حوالے سے مغربی میڈیا اور بعض حلقوں کی جانب سے مسلسل پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ پاکستان کے مذہبی اسکالرز خود وہاں جا کر زمینی حقائق دیکھیں اور پھر عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔
محمد عدنان قادری نے کہا کہ پاکستان کے عوام خصوصاً خیبر پختون خوا کے لوگ چین کو ایک قابل اعتماد دوست ملک سمجھتے ہیں۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان نے بھی چین کے ساتھ اپنی دوستی کو ہمیشہ عزت اور اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد باہمی احترام، اعتماد، تعاون اور مشترکہ ترقی پر قائم ہے، اسی لئے یہ دوستی دنیا میں ایک مثالی تعلق کے طور پر دیکھی جاتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کے بارے میں درست معلومات عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض بین الاقوامی طاقتیں پاکستان اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات، سی پیک اور عوامی سطح پر مضبوط ہوتے روابط سے خوش نہیں، اس لئے مختلف انداز میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ تاہم ایسے منفی پروپیگنڈے کا بہترین جواب یہی ہے کہ پاکستان کے دانشور، صحافی، مذہبی اسکالرز، طلبہ اور نوجوان چین کا دورہ کریں، وہاں کے حالات کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور پھر حقیقت پر مبنی رائے قائم کریں۔
عدنان قادری نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چائنہ ونڈو خیبر پختون خوا میں پاک چین دوستی کے فروغ کے لئے ایک مؤثر، فعال اور قابل قدر ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو نہ صرف چین کی ثقافت، تاریخ، ترقی اور سی پیک کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کر رہا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریز، چینی زبان کے مفت کورسز، ثقافتی تقریبات، سیمینارز، نمائشیں اور تعلیمی پروگرام نوجوان نسل کو چین کے بارے میں مثبت اور حقیقی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ اس مرکز کے ذریعے خیبر پختون خوا کے عوام کو چین کی ترقی، ثقافت، تہذیب، روایات، ٹیکنالوجی، تعلیمی مواقع اور سی پیک کی اہمیت سے آگاہی مل رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے لئے نہایت اہم ہے۔
محمد عدنان قادری نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے مذہبی اسکالرز کا سنکیانگ کا دورہ نہ صرف غلط فہمیوں کے خاتمے میں مدد دے گا بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور عوامی سطح پر اعتماد کو بھی مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے اور باہمی احترام و تعاون کی فضا مزید مستحکم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ چین نے غربت کے خاتمے، ترقی، تعلیم، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، وہ دنیا کے لئے ایک مثال ہیں۔ پاکستان خصوصاً خیبر پختون خوا کے نوجوانوں کو چین کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے معاشی مستقبل کے لئے انتہائی اہم منصوبہ ہے اور اس منصوبے کے بارے میں عوامی سطح پر مثبت آگاہی پیدا کرنا قومی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر محمد عدنان قادری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختون خوا حکومت پاک چین دوستی کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی، ثقافتی رابطوں اور عوامی سطح پر اعتماد سازی کے لئے ہر مثبت کوشش کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کی دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً.
Related Posts
اہم روابط
