بیجنگ: ڈیلی اتحاد میڈیا گروپ اور پاکستان اکنامک نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ایڈیٹر معیز فاروق کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ 2026 ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ پروگرام ٹریننگ پروجیکٹ (APMP100 Session 1) میں شاندار کارکردگی پر “آؤٹ اسٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈ” سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز 22 سے 24 جولائی 2026 تک جاری رہنے والے تین روزہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام کے دوران غیر معمولی محنت، بھرپور شرکت، فعال کردار اور مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کے اعتراف میں اے پی ایم پی 100 آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے دیا گیا۔
خصوصی بات یہ ہے کہ ایشیا پیسیفک خطے اور عرب سینٹر سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز میں معیز فاروق واحد شریک تھے جنہیں “آؤٹ اسٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ پروگرام کا سب سے نمایاں اور اعلیٰ اعزاز تھا، جو صرف ایک ہی شریک کو دیا گیا۔

معیز فاروق کو سرٹیفکیٹ آف آنر شِنہوا نیوز ایجنسی کے فارن افیئرز بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جی مینگ (Ji Meng) نے اختتامی تقریب کے دوران پیش کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے معیز فاروق نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ان کے لیے ذاتی اعزاز ہے بلکہ پاکستان اور پاکستانی صحافت کے لیے بھی باعث فخر ہے۔ انہوں نے شِنہوا نیوز ایجنسی اور اے پی ایم پی 100 کی آرگنائزنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے مختلف ممالک کے صحافیوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے، خیالات کے تبادلے اور مصنوعی ذہانت کے دور میں صحافت کے مستقبل کو بہتر طور پر سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔
شِنہوا نیوز ایجنسی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی پروگرام میں ایشیا پیسیفک خطے اور عرب سینٹر سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد صحافیوں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران شرکاء نے مصنوعی ذہانت، میڈیا کی ڈیجیٹل تبدیلی، جدید صحافت، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر لیکچرز میں شرکت کی، جبکہ جے ڈی ڈاٹ کام (JD.com) اور بیجنگ روبوٹکس انوویشن سینٹر سمیت چین کے جدید ٹیکنالوجی اداروں کے مطالعاتی دورے بھی کیے۔

اختتامی تقریب میں دیگر مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو بھی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں دی فلپائن اسٹار کی جینیل پسٹا لورزانو (Janelle Pusta Lorzano)، ملائیشین نیشنل نیوز ایجنسی (BERNAMA) کی سیتی زیناریہ نور زین (Siti Zanariah Nor Zin)، رائزنگ بنگلہ دیش کی ایسمین اختر (Easmin Akhtar) اور دیگر بین الاقوامی میڈیا نمائندگان شامل تھے۔
معیز فاروق کو پروگرام کا واحد “آؤٹ اسٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈ” ملنا نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور قائدانہ کردار کا اعتراف ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی صحافی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ یہ اعزاز ڈیلی اتحاد میڈیا گروپ اور پاکستان اکنامک نیٹ ورک کے لیے بھی ایک اہم کامیابی ہے، جو بین الاقوامی صحافتی تعاون، جدید میڈیا اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
