امریکا اور روس کے درمیان آئل ڈیل کے بعد انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کے دام گرنے لگے۔
خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً دو فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے جس کے بعد امریکی خام تیل 90 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ برطانوی برینٹ کروڈ 103 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہورہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس امریکا اور عالمی منڈی کو فوری طور پر 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کرے گا جبکہ نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن اور نومبر کے بعد مزید 10 لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کیا جائے گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی صدر پیوٹن سے انتہائی کامیاب ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی ریکارڈ بلند قیمتیں جلد بہت نیچے آجائیں گی ۔
روسی صدارتی دفتر کے مطابق گفتگو میں یوکرین بحران کے حل، امن مذاکرات کی بحالی اور ایران کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔یہ گفتگو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔
کریملن کے مطابق پیوٹن نے امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے وقت پر غور کرنے کی بات کی جبکہ ٹرمپ نے ایران تنازع کے حل میں روس کے کردار کو سراہا۔ پیوٹن نے یہ بھی کہا کہ امریکی مارکیٹ میں روسی تیل کی فراہمی سے عالمی معیشت پر مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔
