تبت میں 7.1 شدت کے زلزلے سے کئی عمارتیں گرگئیں اور اب تک 32 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح چین کے علاقے تبت، نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو، بھارت کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق چین میں اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 10 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے، جب کہ زلزلے کا مرکز تبت کی ٹنگری کاؤنٹی تھا۔
چین کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، تبت زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کی جانب سے زلزلے کی شدت 7.1 اور گہرائی 10 کلو میٹر بتائی گئی ہے۔
چینی نیوز ایجنسی نے تبت کی ٹنگری کاؤنٹی میں زلزلے کے باعث گھر گرنے اور 32 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ 38 زخمی بتائے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بھی عمارتیں لرز گئیں اور کھٹمنڈو میں بھی زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب بھارتی ریاست بہار میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.1 رہی۔
بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر آیا جس کی شدت سے 5 سے 6 سیکنڈز تک عمارتیں لرزتی رہیں۔
