گھوٹکی کے قریب ڈہرکی میں ملت ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، حادثے کے باعث ڈاؤن ریلوے ٹریک پر 3 گھنٹے سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، ریلوے انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
متاثرہ بوگی کو ہٹانے اور ٹریک کی بحالی کے لیے روہڑی سے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی۔ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی بھی جائے حادثہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے ٹریک اور متاثرہ بوگی کا معائنہ کیا۔
حکام کے مطابق حادثہ معمولی نوعیت کا ہے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ بوگی پر کام جاری ہے اور جلد ٹریک بحال کردیا جائے گا۔
دوسری جانب ریلوے انتظامیہ کے مطابق متاثرہ بوگی کو الگ کرنے کے بعد ملت ایکسپریس کو منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔ واضح رہے کہ حادثے کا شکار ملت ایکسپریس کا افتتاح گزشتہ روز ہی کیا گیا تھا۔
