سوات : یونیورسٹی آف سوات نے طلبہ اور ملازمین کی سفری سہولت اور اخراجات میں کمی کے لیے بائی پاس فلائی اوور، پولیس لائن اور نواں کلی سے یونیورسٹی تک شٹل سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پیر سے فعال ہو گی۔جاری بیان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اس سہولت کے تحت طلبہ اور ملازمین کو یونیورسٹی آنے جانے کے لیے کم کرائے پر آسان اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق شٹل بس صبح 7:30 سے 7:45 بجے کے درمیان بائی پاس فلائی اوور کے قریب دستیاب ہو گی اور وہاں سے یونیورسٹی کے لیے روانہ ہو گی۔ طلبہ اور ملازمین کی سہولت کے لیے دوپہر اور شام کے اوقات میں بھی واپسی اور آمدورفت کی سروس فراہم کی جائے گی۔اس اقدام کا بنیادی مقصد طلبہ اور ملازمین کے سفری اخراجات کم کرنا، آمدورفت کو آسان بنانا اور انہیں مارکیٹ کے مقابلے میں کم کرائے پر بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق شٹل سروس کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن الامین کی ہدایات پر طلبہ اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔
