عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی، اقتصادی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تجارت میں مزید تیزی لانے پر زور دیا ہے۔چین اور پاکستان کی دوستی دنیا کے لیے ایک مثال ہے، ہم پاکستان کی جانب سے چین کی ہر فورم پر حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاکستان کے لیے بھی وہی جذبات رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے قونصلیٹ میں مدعو کیے گئے معروف فلاٹلسٹ اور چیف ایڈوائزر پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) عارف بالاگام والا (تمغہ امتیاز) سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عارف بالاگام والا نے چینی قونصل جنرل کو نئے چینی سال کی مناسبت سے اسٹمپ فولڈر پیش کیا جسے قونصل جنرل نے بہت سراہا۔
چین کے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ چینی تاجر پاکستان میں تجارت کو فروغ دینے کے خواہش مند ہیں تاہم بعض سیکیورٹی مسائل ہیں لہٰذا حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنائے تاکہ چینی تاجر بلا خوف و خطر یہاں آسکیں اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ شراکت داری سمیت تجارتی مواقعوں کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے عارف بالاگام سے چین میں اس سال منعقد ہونے والے اسٹمپ شو میں شرکت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور وفد کے ہمراہ چین کے دورے کی دعوت دی۔
معروف فلاٹلسٹ اور چیف ایڈوائزر پی سی ڈی ایم اے عارف بالاگام والا نے چینی قونصل جنرل کی جانب سے پاکستانی تاجروں کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ چین میں رواں سال ہونے والے اسٹمپ شو میں پاکستان بھی شرکت کرے گا جبکہ انٹرڈائز 2025 نمائش میں بھی شرکت کے لیے تاجروں کا وفد تشکیل دیا جائے گا جس کا مقصد چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے قونصل جنرل سے ویزہ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کے جواب میں چینی قونصل جنرل نے پاکستانی تاجروں کو ویزے سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی
