اسلام آباد۔ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا،وہ وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگائیں گے،پاک فضائیہ کے پائلٹس فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف ترک صدر کا استقبال کریں گے۔
ترک صدر کو پاکستان کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ ترک صدر وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا لگائیں گے۔ ترک صدر کے اعزاز میں پاکستان ائیر فورس کے پائلٹس فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔بعد ازاں ترک صدر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہو گی جس کے بعد دونوں راہنما اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔
