کراچی: وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ کرپشن کیس میں 3 مقدمات میں بری کر دیا۔
ٹڈاپ کرپشن کیس کی وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں سماعت ہوئی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی 3 مقدمات میں بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔
اتحادی حکومت کی مکمل سپورٹ کریں گے: یوسف رضا گیلانی
کیس کی سماعت کے بعد کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مجھ پر 2009 میں یہ کیس بنایا گیا، آج تمام وعدہ معاف گواہ ملزم بن گئے اور ملک سے فرار ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ مجھ پر کیس ہماری موجودہ اتحادی حکومت نے ہی بنایا تھا، ہمیں ان پر کوئی گلا نہیں، ہم حکومت کی مکمل سپورٹ کریں گے، اتحادی حکومت کو بیک سٹیپ نہیں کریں گے، صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو مل کر اپنا مؤقف بیان کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ کل سینیٹ کے ایک اور ممبر کو اٹھا لیا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت سے کہوں گا ان کو حاضر کریں، کل اگر وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے تو پروڈکشن آرڈر جاری کروں گا۔
یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا ہے کہ میں ہر کام آئین کی کتاب کے مطابق کرتا ہوں، میں ہمیشہ قانون کے مطابق چلا ہوں، کل دیکھا کہ بہت سارے ٹاک شوز ہو رہے تھے، پلانٹڈ لوگ بیٹھے تھے، لوگ کہہ رہے ہیں یہ سیر سپاٹا تو کرتے ہیں ہاؤس میں نہیں بیٹھتے، آفیشل دوروں پر جانا ضروری ہے ملک کی بدنامی نہیں کر سکتے۔
