مکہ مکرمہ: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔
وزیراعظم شہبازشریف وفد کےساتھ سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستانی وفد نےعمرہ کی سعادت حاصل کرلی، اس موقع پر ملکی ترقی وخوشحالی،امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے مظلوموں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
جدہ پہنچنے پر گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور سفارتی اہلکاروں نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیرِاعظم کا دورہ 5 اور 6 جون کا ہے، وہ عیدالاضحی سعودی عرب میں گزار رہے ہیں، وزیرِاعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان خصوصی ملاقات ہوگی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف حالیہ پاک بھارت تنازع کو کم کرنے میں تعمیری کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
