اسلام آباد: اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کردیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بتایا کہ 26 ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس پہلے ہی دائر ہوچکا ہے، آج الیکشن کمیشن حکام سے کچھ اہم قانونی معاملات پر رائے لینا تھی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ جو لوگ گالیاں دیں گے، توڑ پھوڑ اور ہلڑ بازی کریں گے وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں، پی ٹی آئی والوں نے فارم 47 کا تماشہ لگایا ہوا ہے۔
ملک احمد خان نے مزیدکہا کہ آئین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی، جو ارکان آئین کی پاسداری نہیں کرسکتے ان کو ہاؤس کا حصہ رہنےکاکوئی حق نہیں۔
خیال رہے کہ 27 جون کو اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ کیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی۔
28 جون کو اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجنےکا اعلان کیا تھا۔
