وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں وزارت خارجہ، آئی ٹی اور دیگر حکام نے بیرون ملک پاکستانیوں کو سفارتخانوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کیو آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائزیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سفارتخانوں میں کیو آر کوڈ آویزاں کرنے اور خصوصی آگہی مہم چلانے کی ہدایت کی، تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل آسان بنانے کیلئے کیو آر کوڈ متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شام کی شفٹ بھی شروع کر دی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ اپوسٹائل نظام کے تحت تصدیقی عمل ون اسٹپ کر دیا گیا ہے اور این آئی ٹی بی کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن کی تیاری جاری ہے، جس کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہوگی۔
