ملک بھر میں 79 واں یوم آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، رواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں رات 12 بجتے ہی ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیا۔
شہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونچ اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیاں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
آج صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا جبکہ مساجد میں ملکی استحکام، خوش حالی کیلیے دعائیں کی گئیں۔
ملک بھر میں جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں، سڑکوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا جبکہ رات 12 بجتے ہی آتشبازی سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔
شہر شہر ریلیاں، جلوس اور میوزیکل شوز کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ بچے اور بڑے قومی پرچموں کے ہمراہ بیجز لگا کر گھروں سے باہر نکلے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
ملک بھر میں آج جشن آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں بانیان پاکستان کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین اور ملک کو دفاعی، معاشی مضبوط بنانے کا عزم کیا جارہا ہے۔
یوم آزادی کی مرکزی تقریب مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کے ساتھ ہوئی جس کے بعد مختلف سیاسی، سماجی شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دے کر قائد محمد علی جناح کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں دفاعی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کو بھی داخلے کی اجازت دی گئی۔
قوم نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو اُس کو متحد ہوکر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی آزادی کا 79 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں، جبکہ سفارت خانوں میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
