امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب منشیات بردارکشتی پر حملہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا سے منشیات بردارکشتی روانہ ہوئی جسے امریکی فوجیوں نے نشانہ بنایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی حملے کی وجہ سے مکمل تباہ اور کشتی میں سوار 11 منشیات فروش بھی ہلاک ہوگئے۔
اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ منگل کو ہونے والی امریکی فوجی کارروائی میں وینزویلا کے گینگ ٹرین ڈی آراگوا کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا، یہ جہاز بین الاقوامی پانیوں میں تھا اور امریکا کے لیے غیر قانونی منشیات لے جا رہا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ایک چھوٹی کشتی کو جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
دوسری جانب وینزویلا کے وزیر مواصلات نے سوشل میڈیا پربغیر ثبوت دیے ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ویڈیو قرار دیا۔
