پشاور: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس آپریشنز محمد علی باباخیل نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
چائنہ ونڈو پشاور کے دورے کے دوران فرنٹیئر ماڈل اسکول اور آئی سی ایم ایس چمکنی کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام، خصوصاً نئی نسل کو پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
محمد علی باباخیل نے طلباء کو پاک–چین دوستی سے متعلق فراہم کی جانے والی آگہی کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کا دوست ملک چین کے بارے میں معلومات حاصل کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے طلباء کو سوشل میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جدید پلیٹ فارمز کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے استعمال کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ موجودہ حالات نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد کرتے ہیں کہ وہ صوبے اور ملک کی ترقی کے لیے بھرپور محنت کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سی ایس ایس میں کامیابی کے بعد ان کی پہلی ترجیح پولیس میں شمولیت تھی اور آج وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ خدمتِ عامہ ان کا مشن ہے۔ انہوں نے طلباء کو مستقبل میں پولیس فورس کا حصہ بننے کی ترغیب بھی دی۔
قبل ازیں محمد علی باباخیل نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا معائنہ کیا اور گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک–چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندروں سے گہری ہے، اور پاکستان کو چین کی ترقی سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
