پشاور چائنہ ونڈو کے زیر اہتمام پاکستان کے معتبر تعلیمی ادارے آئی ایم سائنسز کے تعاون سے پاک چین دوستی کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن خیبرپختونخوا محمد اسرار مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب میں انہوں نے پاک چین دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے زندگی کے مختلف شعبوں میں چین کا تعاون لائق ستائش ہے ۔انہوں نے مہمند ڈیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈیم کی تعمیر کے بعد علاقے میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔اس ڈیم کی تعمیر بھی چائنیز نے کی ہے اور جلد ہی پشاور میں پینے کے پانی کی کمی کا بھی ازالہ کیا جا سکے گا۔محمد اسرار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح پر تعاون ہو رہا ہے تاہم تعلیم کے شعبے میں خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں کو چین کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے تعاون کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے رواں سال پاک چین دوستی کی ڈائمنڈ جوبلی اور چین کے نئے سال کے موقع پر اہل چین کو مبارکباد پیش کی۔ سیمینار سے خطاب میں پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر زرمینہ بلوچ نے پاک چین دوستی کو خطے میں سیاسی و معاشی استحکام کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ پاک-چین تعلقات اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کا مظہر اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مضبوط ستون ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا مستقبل میں بہتر تعاون نہ صرف معاشی بلکہ خطے کے امن و امان کے حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا۔ پروفیسر ڈاکٹر گلزار جلال نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں برادر ہمسایہ ملک چین نہ صرف بین الاقوامی سطح پر ترقی اور کامیابیوں کا ہم سفر ہے بلکہ پاک چین تعلقات بھی مستحکم ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ رواں سال جبکہ ہم دونوں ممالک کی دوستی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ معیشت کے میدان می۔ چین کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے اور صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا جو ویژن دیا ہے اس میں موجود معاشی ترقی کے منصوبے سی پیک کو پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور دوسرے مرحلے کو جلد از جلد کامیابی سے ہمکنار کیا جائے۔ڈاکٹر گلزار جلال نے بتایا کہ پاکستان میں سی پیک منصوبے میں ملک کے مختلف شہروں میں 9 اسپیشل اکنامک زون تعمیر کئے جائیں گے جس سے صنعتوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔بعدازاں چائنہ ونڈو کی جانب سے مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً.
Related Posts
اہم روابط
