اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی میں چین پاکستان دوستی کے تحت اسلام آباد میں پانچ روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے، جسے پاکستان میں چینی سفارتخانے کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
یہ میڈیکل کیمپ پاکستان قی ہوانگ ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن سینٹر، جسے چائنیز ہسپتال بھی کہا جاتا ہے، میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ ہسپتال ایف 10 مرکز میں بینک آف پنجاب کے اوپر واقع ہے اور ایک مکمل فلور پر مشتمل جدید طبی سہولیات سے آراستہ مرکز ہے۔
اس کیمپ کے دوران اوورسیز چینی باشندوں اور مقامی افراد کو مفت طبی مشاورت اور مکمل طبی معائنہ فراہم کیا جا رہا ہے، جس میں خون کے ٹیسٹ، پیشاب کے ٹیسٹ، بلڈ شوگر ٹیسٹ، الیکٹروکارڈیوگرام، اور سینے کے ایکسرے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ روایتی چینی طریقہ علاج بھی ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔
چینی سفارتخانے کے تعاون سے شرکاء میں فرسٹ ایڈ کٹس بھی مفت تقسیم کی جا رہی ہیں، جن میں ایمرجنسی ادویات، پٹیاں، اور جراثیم کش مواد شامل ہے۔
منتظمین کے مطابق روزانہ تقریباً 40 سے 50 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فی مریض فراہم کی جانے والی سہولیات کی مالیت تقریباً 4 ہزار سے 4 ہزار 500 روپے ہے، جس کے مطابق روزانہ فراہم کی جانے والی مفت طبی سہولیات کی مجموعی مالیت تقریباً 3 لاکھ سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے بنتی ہے۔
اس میڈیکل کیمپ میں تجربہ کار ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کی ٹیم خدمات انجام دے رہی ہے، جن میں روایتی چینی طب کے ماہرین بھی شامل ہیں، جو مریضوں کو معیاری علاج فراہم کر رہے ہیں۔
یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی کا مظہر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم مثال ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ عوامی سطح پر روابط کو بھی مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔
منتظمین نے عوام الناس کو اس فری میڈیکل کیمپ سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات معاشرتی فلاح و بہبود کے فروغ اور پاک چین دوستی کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
