معروف ماہرِ نفسیات، عالمی نفسیاتی ایسوسی ایشن کے سابق صدر (2020 تا 2023) اور فاؤنٹین ہاؤس لاہور کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن پروفیسر افضل جاوید کو ذہنی صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں کنگ چارلس سوم کی جانب سے آفیسر آف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر (OBE) کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز 2 جون 2026 کو ونڈسر کیسل میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں دیا گیا۔
یہ باوقار اعزاز ذہنی صحت کے فروغ اور ترقی کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے۔ عالمی نفسیاتی ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے اپنے دورِ صدارت میں پروفیسر جاوید نے 70 سے زائد ممالک میں ذہنی صحت کے اقدامات کو فروغ دیا، جن میں استعداد کار میں اضافہ، پیشہ ورانہ تربیت، پالیسی سازی کی وکالت اور ترقی پذیر ممالک میں ذہنی صحت کی پائیدار سہولیات کا قیام شامل ہے۔
انہوں نے برطانیہ میں قائم کئی فلاحی اداروں میں بھی اہم کردار ادا کیا، جن میں رچمنڈ فیلوشپ فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، اخوت یوکے اور CAREIF شامل ہیں۔ ان اداروں کے ذریعے ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی بحالی، غربت کے خاتمے اور کمیونٹی کی ترقی کے لیے مختلف پروگراموں کی معاونت کی گئی۔
اس سے قبل، پروفیسر افضل جاوید کو 2023 میں ذہنی صحت کے فروغ اور ترقی کے لیے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ ان کے چھوٹے بھائی، ڈاکٹر امجد ثاقب، جو اخوت کے چیئرمین ہیں اور پاکستان میں اپنی سماجی و فلاحی خدمات کے لیے معروف ہیں، انہیں 2024 میں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
پروفیسر افضل جاوید کو اس شاندار بین الاقوامی اعزاز کے حصول پر دلی مبارکباد۔
