لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے پاکستان میں تعینات ڈاکٹر زولتان ورگا نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ہنگری کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل شعبے میں اشتراک سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی II سید علی حیدر گیلانی، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور پاکستان و ہنگری کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے سے باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی مختلف ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے ساتھ تجربات اور مہارت کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دوستی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر ہنگری نے کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگری پاکستان کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور اس سلسلے میں مختلف شعبوں میں اشتراک کے نئے راستے تلاش کیے جا رہے ہیں۔
