ہوا جیانگ گرینڈ کینن برج زمین کی سطح سے 625 میٹر بلندی پر واقع ہے اور اسے ستمبر 2025ء میں عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔
اس منفرد پل کی نمایاں خصوصیات میں 300 میٹر طویل مصنوعی آبشار بھی شامل ہے، جس میں جدید لیزر سسٹم نصب کیا گیا ہے، رات کے وقت روشنیوں سے سجی یہ آبشار دلکش منظر پیش کرتی ہے اور سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔
چینی حکام نے اس پل کو صرف آمدورفت کے لیے نہیں بلکہ ایک مکمل سیاحتی مقام کے طور پر ڈیزائن کیا ہے، پل پر گلاس واک ویز، ٹاورز کے اندر قائم کیفے، بنجی جمپنگ سمیت مختلف تفریحی سرگرمیوں کی سہولت موجود ہے، جہاں روزانہ ہزاروں مقامی اور غیرملکی سیاح آتے ہیں۔
جنوب مغربی چین کے پہاڑی صوبے گوئی ژو میں تعمیر کیے گئے اس پل کا بنیادی مقصد دشوار گزار علاقوں کے درمیان سفری وقت کو کم کرنا تھا، اس پل کی بدولت وہ سفر جو پہلے تقریباً دو گھنٹے میں طے ہوتا تھا، اب صرف ایک منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔
سٹیل سے تعمیر کیے گئے اس پل کی مجموعی لمبائی 9 ہزار 482 فٹ ہے، اس کی تعمیر کا آغاز جنوری 2022 میں ہوا تھا، جبکہ ستمبر 2025 میں اسے باضابطہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔
حکام کے مطابق پل کی تعمیر میں تقریباً 20 ہزار ٹن سٹیل استعمال کیا گیا، جو وزن کے اعتبار سے تین ایفل ٹاورز کے برابر سمجھا جاتا ہے۔
