وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ستھرا پنجاب کی طرح صاف پانی اتھارٹی پنجاب کو ری سٹرکچر کر کے جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائے، پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار بنایا جائے گا۔
دوران اجلاس بتایا گیا کہ صاف پانی اتھارٹی کو جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس، ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی، صاف پانی اتھارٹی کے تمام ٹرکوں اور پلانٹس کی مانیٹرنگ ہوگی، علاقائی ضرورت کے مطابق آر او پلانٹس اور جدید فلٹریشن ٹیکنالوجی نصب کی جائے گی، صوبے میں فلٹریشن پلانٹس اور آر او پلانٹس پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، فون نمبر اور اوقات کار درج کئے جائیں گے۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹینسی کی خدمات حاصل کرنے پر اتفاق کیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے جدید ترین جاپانی اور چینی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔
پنجاب بھر میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوران بریفنگ بتایا گیا کہ دور دراز علاقوں کیلئے موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا آغاز کیا گیا ہے، ریموٹ ایریاز میں فعال بوٹلنگ پلانٹس سے روزانہ 2,400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں
اجلاس میں تمام 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور نگہداشت یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، جبکہ حسب ضرورت مزید پلانٹس لگانے کی ہدایت بھی کی گئی، پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب کی طرز پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو فعال اور منظم بنایا جائے گا، صاف پانی منصوبہ میرے دل کے بے حد قریب ہے، سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی سب سے اہم ترجیح ہے۔
