ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، کالا باغ 2 لاکھ 63 ہزار اور چشمہ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 94 ہزار ہے، وزیر آباد ناکہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، نالہ پلکھو میں پانی کا بہاؤ 3600 کیوسک ہے، جبکہ نارروال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کا کہنا ہے کہ بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
سیف انور جپہ نے ہدایت کی کہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں، فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں دریاؤں ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔
