پشاور: ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کے ایک وفد نے چائنہ ونڈو، پشاور کا دورہ کیا۔ وفد میں سعید اللہ مروت، اقبال بھٹی، عرفان مغل ،شیخ توقیر اکرم اور ابو شان شامل تھے۔ چائنہ ونڈو پہنچنے پر عدنان خان نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں اس جدید چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز کی مختلف سرگرمیوں اور پاک چین دوستی، چینی ثقافت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کے ارکان نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریوں کا دورہ کیا اور چین کی تاریخ، ثقافت، ترقی، ٹیکنالوجی میں کامیابیوں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق نمائشوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
صحافیوں کے وفد نے چائنہ ونڈو کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔
اس موقع پر وفد کے ارکان نے کہا کہ درابن اسپیشل اکنامک زون کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان کو معاشی اور تزویراتی لحاظ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہو جائے تو ڈیرہ اسماعیل خان سی پیک منصوبوں کی کامیابی اور صوبے کی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ درابن اسپیشل اکنامک زون کی ترقی سے نہ صرف سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ روزگار میں اضافہ ہوگا اور خیبر پختونخوا کی معاشی ترقی کو بھی تقویت ملے گی۔
وفد نے جنوبی اضلاع میں امن، بہتر بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے یہ خطہ سی پیک کے تحت پیدا ہونے والے معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے گا۔
