سعودی عرب میں منعقدہ بین الاقوامی فالکنز اینڈ ہنٹنگ نمائش کے افتتاحی نیلامی میں منگولیا کے دو شکاری باز مجموعی طور پر 5 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال یعنی تقریباً ایک لاکھ 47 ہزار ڈالر میں فروخت ہوگئے۔
نیلام میں کم عمر شکاری باز 1 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال میں فروخت ہوا جبکہ ایک بالغ باز کے لیے خریدار نے 4 لاکھ سعودی ریال کی بھاری رقم ادا کی۔
نمائش میں مسلسل دوسری مرتبہ منگولین بازوں کے لیے خصوصی سیکشن قائم کیا گیا ہے جہاں ان کی جسامت، پھیلے ہوئے مضبوط پروں اور طویل پرواز کی صلاحیت کے باعث سعودی فالکنرز کی جانب سے خاص دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔
ماہرین کے مطابق منگولین ساکر فالکن سخت موسمی حالات میں زندہ رہنے، تربیت کا بہتر ردعمل دینے اور شکار کے دوران برداشت کی غیر معمولی صلاحیت کے باعث خطے میں انتہائی قیمتی سمجھے جاتے ہیں۔
نیلامی سے قبل شرکاء کو بازوں کا قریب سے جائزہ لینے کا موقع بھی دیا گیا جبکہ نمائش میں سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے فالکنری کے شوقین افراد اور ماہرین شریک ہوئے۔
