گوادر اور قلات میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیاں کیں، جن کے دوران ایک میجر نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ چار دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق گوادرکی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران آئی ای ڈی دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں میجر جاہت وحید شہید ہوگئے۔ علاقے میں سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب قلات کےعلاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نےبلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز پرانہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے،وزیراعظم نےپسنی میں دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے 34 سالہ میجرجاہت وحید کو خراجِ عقیدت پیش کرتےہوئےکہاکہ میجر جاہت وحید نےوطنِ عزیزکی حفاظت کےلیےاپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے شہید میجر کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
