اسرائیلی فوج نے لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی دھجیاں بکھیر دی۔ بمباری سے مزید 14 لبنانی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں کفر رمان قصبے پر بمباری کی جس میں 10 لبنانی شہید 7 زخمی ہوئے۔ دیر زہرانی قصبے میں ایک رہائشی عمارت کو بمباری کرکے تباہ کیا گیا۔
واقعے میں 4 لبنانی شہید اور 20 زخمی ہوئے۔ شہدا اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حملوں میں ایک اسپتال سمیت کئی مکانات تباہ ہوئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں لبنانی وزارت مالیات کی عمارت بھی کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب لبنانی صدر جوزف عون نے اسرائیلی حملوں کے دوبارہ آغاز کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر عون نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملہ ایک خطرناک کشیدگی ہے جو دشمنیوں کے خاتمے کے سمجھوتے اور فریم ورک معاہدے کی بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں کی حدوں کو پار کر کے اس بار شہریوں کے امور اور ان کے روزمرہ مفادات کی دیکھ بھال کرنے والے ریاستی اداروں اور ان کی سروسز تنصیبات کے ساتھ ساتھ ایک طبی مراکز تک پھیل چکی ہے۔
صدر عون نے اس مسلسل کشیدگی کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی اور امریکہ اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کو روکنے اور ان کے مرتکب افراد کا محاسبہ کرنے کے لیے فوری طور پر حرکت میں آئیں۔
