ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے۔
ایرانی سفارتخانےکی جانب سےجاری بیان میں کہاگیاہےکہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نےپہلی باضابطہ ملاقات فیلڈمارشل عاصم منیرسےملاقات کی، ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک بھی موجود تھے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ ایران کے نائب وزیرخارجہ غریب آبادی، اسلام آباد میں ایران کے سفیر امیری مقدم اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
یاد رہےکہ ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی گزشتہ روز مختصر وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے،ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی آج وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سے ملیں گے،دوسری جانب امریکا نے اپنے نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کے پاکستان آنے کی بھی تصدیق کردی ہے۔
امریکا ایران امن مذاکرات کےدوسرے راؤنڈ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں کئی روز سے غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات ہیں،گذشتہ دو روز کےدوران مختلف علاقوں میں آمدو رفت کیلئے نرمی کی گئی تھی۔ اب ایرانی وزیر خارجہ کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی پھر ریڈ الرٹ کردی گئی،اسلام آباد ایکسپریس وے سمیت اہم شاہراہوں پر پولیس سمیت سیکیورٹی اہلکاروں کی نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے،ریڈ زون پہلے سے سیل تھا،ایکسٹنڈڈ ریڈ زون بھی دوبارہ سیل کر دیا گیا ہے۔
