پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز کا ہدف دیا تھا جو رواں سیزن کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
پشاورزلمی کے 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم137رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بیون جیکب34اور شامل حسین21رنزبناسکے۔ الزاری جوزف اور دینش چندی مل نے19-19رنز اسکورکئے۔
پشاورزلمی نے پہلے کھیل کر3وکٹ پر 255رنز اسکور کئے، پشاورزلمی کے کپتان بابراعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف سنچری جڑدی۔ بابراعظم نے 52 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ وہ سیزن الیون میں سنچری بنانے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ پی ایس ایل تاریخ میں بابراعظم کی یہ تیسری سنچری ہے۔
زلمی کی اس جارحانہ اننگز میں بابر اعظم کے ساتھ کوشال مینڈس نے بھی بھرپور ساتھ دیا اور 83 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں فرحان یوسف 19، محمد حارث 16 اور ایرون ہارڈی 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ پشاورزلمی نے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، پشاور زلمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
