گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او آرڈیننس کے تحت گرفتاری اور نظر بندی کے اختیارات تفویض کر دیے۔
ایک بیان میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایم پی او کے تحت خیبرپختونخوا کے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات تفویض کئے ہیں، اس اقدام کا مقصد ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر احتیاطی کارروائی یقینی بنانا ہے۔
فیصلے سے ضلعی سطح پر ایم پی او کے مقدمات پر تیز رفتار کارروائی ہوسکے گی۔ اس فیصلے سے 2025ء کا ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو حاصل اختیارات کا نوٹیفکیشن غیرمؤثر ہوجائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انتظامی تاخیر کم کرنا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہم آہنگی مضبوط بناناہے، ان اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے عین مطابق ہونا چاہیے، توقع ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ امیدہےکہ ڈی سیز قانون نافذ کرنے والے اداروں کےساتھ قریبی تعاون کریں گے، ان اختیارات کا ہرگز غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے، ہمارے عوام کا امن، تحفظ اور سلامتی میری اولین ترجیح ہے۔
